سجاول: پسند کی شادی کی خواہش مند نوجوان لڑکی اور لڑکے کو قتل کردیا گیا

سندھ کے ضلع سجاول میں گاؤں حاجی متو سومرو میں ایک خاتون اور ایک مرد پراسرار طور پر مردہ پائے گئے

سندھ کے ضلع سجاول میں گاؤں حاجی متو سومرو میں ایک خاتون اور ایک مرد پراسرار طور پر مردہ پائے گئے۔

پولیس نے کہا کہ خاتون گھر کے اندر مردہ حالت میں ملی، جبکہ مرد کی لاش گھر کے باہر درخت سے لٹکی ہوئی تھی، مقتولہ کی شناخت 22 سالہ عجب سومرو اور نوجوان کی شناخت 31 سالہ نیاز سومرو کے نام سے ہوئی۔ دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

پولیس کے مطابق خاتون کو بظاہر گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے، جبکہ اس پہلو پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ کہیں نوجوان نے پہلے لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا اور بعد ازاں خودکشی تو نہیں کر لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ پسند کی شادی میں ناکامی کا معلوم ہوتا ہے، جبکہ علاقے میں یہ چہ مگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور انہیں قتل کیا گیا ہے۔

Load Next Story