خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ، دریائے کابل اور سندھ کے سنگم پر نچلے درجے کا سیلاب

صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 29 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

پشاور:

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث دریائے کابل اور دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، جبکہ نوشہرہ کے علاقے کنڈ خیر آباد میں دونوں دریاؤں کے سنگم پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ پر تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد بڑھنے کے بعد ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں، جس کے باعث کنڈ خیر آباد کے مقام پر دریائے سندھ اور دریائے کابل کے سنگم پر پانی کی سطح بلند ہوگئی۔

انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دونوں دریاؤں کے کناروں پر آباد افراد کو آگاہ کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

دوسری جانب پشاور اور گرد و نواح میں دو روز کے وقفے کے بعد بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ بارش کے ساتھ ہلکی ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا۔ چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، اپر و لوئر کوہستان میں اکثر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کولائی پالس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، خیبر اور کرم میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی دوران مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے، جبکہ ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Load Next Story