جیفری ایپسٹین کے نام ٹرمپ کا ’نازیبا‘ خط منظرعام پر لانے والے صحافیوں کے لیے ایوارڈ کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بدنام زمانہ امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین سے متعلق تنازع ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیفری ایپسٹین کے نام ڈونلڈ ٹرمپ کا مبینہ خط منظرعام پر لانے والے صحافیوں کے لیے ایک خصوصی ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اعلان وائٹ ہاؤس رپورٹروں کی سالانہ تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تقریب کے دوران صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں صحافیوں پر طنزیہ جملے بھی کسے، جبکہ تقریب میں موجود شرکا کی توجہ ایپسٹین سے متعلق حالیہ انکشافات پر بھی مرکوز رہی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ایوارڈ ان صحافیوں کے اعزاز میں دیا جائے گا جنہوں نے جیفری ایپسٹین کے نام منسوب ڈونلڈ ٹرمپ کا مبینہ خط منظرعام پر لایا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ خط ٹرمپ نے ایپسٹین کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر لکھا تھا۔ تاہم اس حوالے سے مختلف ذرائع مختلف دعوے کر رہے ہیں، جبکہ اس معاملے پر سیاسی اور قانونی بحث بھی جاری ہے۔
جیفری ایپسٹین سے متعلق دستاویزات اور ان کے روابط کا معاملہ گزشتہ کئی برسوں سے امریکا میں ایک اہم سیاسی اور قانونی موضوع بنا ہوا ہے۔ اس حوالے سے متعدد شخصیات کے نام مختلف رپورٹس اور عدالتی دستاویزات میں سامنے آتے رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس تازہ پیش رفت سے امریکی سیاست میں ایپسٹین کیس ایک بار پھر زیرِ بحث آ سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب صدر ٹرمپ کی سیاسی سرگرمیاں اور آئندہ انتخابی حکمت عملی بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔