کراچی: تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، چچا بھتیجے سمیت 3 افراد جاں بحق
سپرہائی وے جمالی پل سے ایوب گوٹھ جاتے ہوئے تیز رفتارٹرک ڈرائیورسے بے قابوہونےکے بعد موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ گیا، موٹرسائیکل پرسوارچچا بھتیجے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو تحویل میں لیکر اس کے ڈرائیور کو گرفتارکرلیا۔
سائٹ سپرہائیوے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے سپرہائیوے جمالی پل سےایوب گوٹھ جاتے ہوئےتیزرفتارٹرک رجسٹریشن نمبر جے زیڈ 0111 ڈرائیورسے بے قابوہونےکے بعد موٹرسائیکل سواروں پرچڑھ گیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل رجسٹریشن نمبر کے ایل ایس 0021 پر سوار3افراد شدید زخمی ہوگئے۔
خوفناک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کوفلاحی تنظیموں کی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اورسول اسپتال منتقل کیا گیا، خوفناک حادثے کی اطلاع ملنے پرپولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
حادثے میں شدید زخمی ہونے والے تینوں افراد دوران علاج دم توڑگئے،جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 30 سالہ حبیب ولد اقبال ، 50 سالہ وقار ولد سلیم کے اور28 سالہ شخص کی شناخت عدیل ولد غلام مصطفٰی کے نام سے کی گئی۔
حادثے میں جاں بحق50 سالہ وقاراور35 سالہ حبیب آپس میں چچا بھتیجے تھے اوراحسن آباد کے رہائشی اور فرنیچرکا کام کرتے تھے، متوفی حبیب شادی شدہ تھا جبکہ متوفی وقار2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے،۔
حادثے میں جاں بحق افراد کام پر جا رہے تھے کہ خوفناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے، ایس ایچ اوسائٹ سپر ہائیوے چوہدری محمد نواز کے مطابق حادثہ سپرہائیوے جمالی پل سے ایوب گوٹھ جاتے ہوئے یو ٹرن پر حادثہ پیش آیا۔
انھوں نے بتایا کہ تیز رفتار ٹرک یوٹرن لیتے ہوئے بریک فیل ہوگیا تھا جس کے باعث ٹرک موٹر سائیکل سواروں پرچڑھ گیا۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کو تحویل میں لیکراس کے ڈرائیورشہباز ولد عبدالخالق کوگرفتار کرلیا ، گرفتار ٹرک ڈرائیور کےخلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔