سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں امن خراب کرنے یا انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، خوش حال خان

فوٹو: اسکرین گریب

آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری خوش حال خان نے کہا ہے کہ ریاست میں انتخابات کے دوران امن خراب کرنے یا انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہیں۔

مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹری آزاد کشمیر خوش حال خان اور سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان نے پریس کانفرنس کی جہاں چیف سیکریٹری نے بتایا کہ27 جولائی سے آئین کے مطابق انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگا، عام انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہوگئے ہیں اور پولنگ مٹیریل ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 17 ہزار کے قریب سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے، چاروں صوبوں کی پولیس آزاد کشمیر پولیس کے ہمراہ انتخابی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی، آزاد کشمیر میں شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، امن خراب کرنے یا انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ووٹر ٹرن آؤٹ ہمیشہ بلند رہا، اس بار بھی بھرپور عوامی شرکت متوقع ہے، انتخابات کا پہلا مرحلہ کل میرپور ڈویژن میں منعقد ہوگا، میرپور ڈویژن میں انتخابی انتظامات مکمل ہیں اور پولنگ میٹریل پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا گیا ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ22 ہزار انتخابی عملہ تعینات کردیا گیا ہے اور تمام تیاریاں مکمل ہیں اور چیف الیکشن کمشنر نے میرپور کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عملے کی تربیت شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کی گئی ہے، انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پولیس، رینجرز اور فیڈرل کانسٹیبلری ہائی الرٹ ہیں، ووٹ عوام کا سب سے بڑا جمہوری ہتھیار ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ سے متعلق پرانی ویڈیوز چلا کر بے بنیاد تاثر دیا جا رہا ہے، انتخابی مہم کے دوران کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا، تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے ضابطۂ اخلاق کا خیرمقدم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام بے یقینی کا جواب ووٹ سے دیں اور اپنے پسندیدہ نمائندے کا انتخاب کریں، پورے آزاد کشمیر میں پرامن، صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائے جائیں گے۔

Load Next Story