ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میں پاکستانی باپ بیٹی نے تاریخ رقم کر دی

دونوں ایتھلیٹس کی لاہور ہائی کورٹ کی اجازت کے بعد روس روانگی ممکن ہوئی تھی

ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میں پاکستانی باپ بیٹی نے تاریخ رقم کر دی، 14سالہ اسوہ مرجان نیازی روس میں شیڈول عالمی چیمپئن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں،اس بڑی کامیابی کے بعد اسوہ مرجان نیازی کا انتخاب آئندہ چین میں منعقد ہونے والی ایشین کپ ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ کے لیے بھی کر لیا گیا ہے، والد نجیب نیازی نے بھی پاکستان کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا۔دونوں ایتھلیٹس کی لاہور ہائی کورٹ کی اجازت کے بعد روس روانگی ممکن ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے سب انسپکٹر نجیب نیازی اور ان کی 14 سالہ صاحبزادی اسوہ مرجان نیازی نے روس میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ میںپہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔

اسوہ کے والد سب انسپکٹر نجیب نیازی نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی ۔اس کامیابی سے قبل دونوں کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت اس وقت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی تھی جب انہیں محکمانہ سطح پر بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں مل سکی۔

 بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس خالد اسحاق کی بروقت عدالتی معاونت اور عدالت کی جانب سے دی گئی اجازت کے بعد ان کی روس روانگی ممکن ہوئی۔ عدالتی فیصلے کی بدولت نجیب نیازی اور اسوہ مرجان نیازی کو پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا جس کے نتیجے میں انہوں نے عالمی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لیے اعزاز حاصل کیا۔

چیمپئن شپ کے دوران کم عمر پاکستانی کھلاڑی اسوہ مرجان نیازی نے غیر معمولی مہارت اور اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ان کے والد سب انسپکٹر نجیب نیازی نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ ایک ہی خاندان کے دو افراد کی عالمی سطح پر اس نمایاں کامیابی کو کھیلوں کی تاریخ میں ایک منفرد اور قابل فخر عزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

اسوہ مرجان نیازی نے مقابلے کے سب سے مشکل تصور کیے جانے والے 90 سیکنڈ ہنٹ ٹریک کو کامیابی سے مکمل کیا، اس ایونٹ میں گھوڑے پر سوار ہو کر انتہائی کم وقت میں 16 مختلف اہداف کو درست انداز میں نشانہ بنانا ہوتا ہے جس کے لیے غیر معمولی مہارت، جسمانی توازن، تیز فیصلہ سازی اور تیراندازی کی اعلیٰ صلاحیت درکار ہوتی ہے،مقابلے کے دوران ایک مرحلے پر گھوڑا اچانک بے قابو ہو کر پوری رفتار سے دوڑنے لگا تا، ہم اسوہ مرجان نیازی نے غیر معمولی حوصلے، ذہنی استقامت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھوڑے پر دوبارہ مکمل کنٹرول حاصل کیا۔

 ان کی اس غیر معمولی کارکردگی نے مقابلے میں شریک پاکستان، روس اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں، ججز اور آفیشلز کو بھی متاثر کیا۔اس بڑی کامیابی کے بعد اسوہ مرجان نیازی کا انتخاب آئندہ چین میں منعقد ہونے والی ایشین کپ ہارس بیک آرچری چیمپئن شپ کے لیے بھی کر لیا گیا ہے۔

وہ پاکستان کی تاریخ کی کم عمر ترین ہارس بیک آرچر ہیں جنہیں اس سطح کے عالمی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔چیئرمین جوڈیشل ایکوٹیزم پینل محمد اظہر صدیق سمیت کھیلوں سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ نجیب نیازی اور اسوہ مرجان نیازی کی یہ کامیابی پاکستان میں ہارس بیک آرچری کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

 مختلف سماجی، کھیلوں اور سرکاری حلقوں نے دونوں کھلاڑیوں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔

Load Next Story