گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس: ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ملزم کو 3 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا

اسلام آباد:

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے 3 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو مزید سات روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس سے قبل پراسیکیوشن نے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

سماعت کے دوران گرفتار ملزم سعد عباسی کو گزشتہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین کیانی نے عدالت کو بتایا کہ قتل میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جسے ملزم نے واردات کے بعد چھپا دیا تھا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق اب ملزم سے موبائل فون برآمد کرنا اور مزید تفتیش کرنا باقی ہے، جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، جسے بعد ازاں سناتے ہوئے ملزم کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

متعلقہ

Load Next Story