بھارتی وزیرِ تعلیم کے استعفے پر بالی ووڈ ستارے بھی بول پڑے، طلبہ احتجاج کو تاریخی کامیابی قرار دے دیا

سوناکشی سنہا نے منفرد انداز میں جین زیز کی تعریف کی

بالی ووڈ کی متعدد نامور شخصیات نے احتجاج کے بعد وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے پر جشن میں حصہ لیتے ہوئے طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔

عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا، ایشان کھٹر، شبانہ اعظمی، سوناکشی سنہا، زویا اختر، ادیتی راؤ حیدری اور دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر طلبہ کی تحریک کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں اور جمہوریت کی کامیابی قرار دیا ہے۔

عالیہ بھٹ: ’جن زی نے آواز اٹھائی‘

عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام اسٹوری پر مختصر مگر معنی خیز ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’’جین زی نے آواز اٹھائی، پھر سب نے دیکھ لیا کہ اس کے بعد کیا ہوا‘‘۔

اداکارہ اس سے قبل بھی احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کر چکی ہیں اور کہہ چکی ہیں کہ نوجوان صرف اپنی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں جو ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ابراہیم علی خان نے وزیر تعلیم کے استعفے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’خوشی ہوئی کہ ہماری آواز سنی گئی، بس کام ہو گیا۔‘‘

انہوں نے ایک اور پوسٹ میں ’’جمہوریت، جین زی اینڈ دی یوتھ آف انڈیا‘‘ بھی  لکھ کر نوجوانوں اور جمہوری عمل کو خراج تحسین پیش کیا۔

سارہ علی خان نے صرف ایک لفظ ’’جمہوریت‘‘  کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا، جس کے ساتھ دل کا ایموجی بھی ڈالا۔

زویا اختر نے بھی جن زی کو سراہا

فلمساز زویا اختر نے وزیر تعلیم کے استعفے سے متعلق ایک صحافی کی پوسٹ پر تالیاں بجانے والے ایموجیز کے ذریعے ردعمل دیا، جبکہ بعد میں اپنی اسٹوری پر لکھا کہ ’’کتنا بہترین ریمائنڈر تھا یہ، صرف جین زی‘‘۔
 

ایشان کھٹر: ’آج بھارت جیتا، جمہوریت جیتی

ایشان کھٹر نے اپنے ہاتھ میں ’انقلاب زندہ باد‘ کا پلے کارڈ تھامے تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’’آج بھارت جیتا اور جمہوریت جیتی۔‘‘

انہوں نے طلبہ کی اجتماعی جدوجہد اور ہمدردی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بھارت پر فخر ہے جس میں وہ بڑے ہوئے۔

سوناکشی سنہا نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کرتی نظر آئیں اور مزاحیہ انداز میں خود کو درست کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مطلب تھا کہ انہیں نوجوانوں پر فخر ہے۔ اداکارہ نے ساتھ ہی لکھا کہ ’’میلینئل سٹھیا گئی ہے، 25 جولائی 2026 ایک یادگار دن رہے گا۔‘‘

سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان پر فخر ہے اور طلبہ نے یہ ثابت کیا کہ آئین ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وزیر تعلیم کا استعفیٰ صرف پہلا قدم ہے اور تعلیمی نظام میں مکمل اصلاحات اور طلبہ کے تمام مطالبات کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہنی چاہیے۔

پرکاش راج نے احتجاج کرنے والوں کو ’کاکروچز‘ کہہ کر مبارکباد دی

اداکار پرکاش راج نے احتجاجی تحریک کے عرف ’کاکروچز‘ کو استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بہت مبارک ہو میرے کاکروچز۔‘‘

ادیتی راؤ حیدری: ’جن زی کی جیت

ادیتی راؤ حیدری نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’’جین زی کی جیت ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے ایمانداری، وقار، عدم تشدد، احتساب اور آزادی اظہار کے لیے مزید طاقت کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

پریانکا چوپڑا نے اپنی جانب سے کوئی تحریری بیان جاری نہیں کیا، تاہم انہوں نے صحافی فائے ڈی سوزا کی احتجاج سے متعلق پوسٹ پر تالیاں، مسکراہٹ اور دل کے ایموجیز کے ذریعے حمایت کا اظہار کیا۔

اداکار اور سیاستدان کمل ہاسن نے معاملے پر نسبتاً تفصیلی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تصادم کی جگہ مکالمے کو آتے دیکھنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے احتجاج، اختلافِ رائے اور جمہوریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے تعلیمی اور امتحانی اصلاحات کے لیے نیشنل کمیشن بنانے کی تجویز بھی دی۔

کمل ہاسن کے مطابق یہ معاملہ صرف پیپر لیکس تک محدود نہیں بلکہ اس سے آگے بڑھ کر تعلیمی نظام میں دیرپا اصلاحات کا تقاضا کرتا ہے۔

Load Next Story