آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کررہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میر پور نے کسی احتجاج یا شرپسندوں کے بجائے ووٹ کو ترجیح دی، کچھ پولنگ کیمپس میں لوگ لڈو مچا رہے ہیں، کل دھاندلی کا بھاشن دیا گیا اور آج انکا اصل چہرہ قوم کے سامنے ہے، کشمیر میں امیدوار تو غائب ہوتے ہیں لیکن تھیلے بھی غائب ہو جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں ووٹ ڈالنے والے مریم نواز کی حکومت کی تعریفیں کررہے ہیں، وہ بھی چاہتے ہیں اپنی چھت اپنا روزگار پروگرام انکو ملے، جو پارٹیاں کشمیر میں الیکشن لڑ رہی ہیں وہ کوئی نہیں کہہ رہا ہے کشمیر کو اپنے صوبہ جیسا بنا دیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بسیں ملنا حق ہوتا ہے، کشمیر کا بھلا کرنے کی بات کریں تو رونا دھونا شروع ہوجاتا ہے، ہم بسوں کا تحفہ حیدرآباد کو بھی دیں گے، ہم نے اپنی کارکردگی کشمیر کے لوگوں کے سامنے رکھی کسی پر الزام نہیں لگایا نہ کسی کی نقل یا توہین کی، پنجاب پاکستان میں ترقی کا ایک ماڈل ہے۔
عظمیٰ بخاری نے آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے سے متعلق نواز شریف کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف نے ایک علامتی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس طرح وہ پاکستان میں وزیر اعظم کی سرپرستی کر رہے ہیں اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کی سرپرستی کر رہے ہیں اسی طرح کشمیر میں ہمارا وزیر اعظم آیا تو اس کی بھی سرپرستی کریں گے، نواز شریف کو وزیر اعظم کے ٹیگ کی ضرورت نہیں وہ وزیراعظموں کے وزیراعظم ہیں۔