اسرائیل کا غزہ پر حملہ، 3 فلسطینی شہید
اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیلی نسل کشی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 73,329 ہو گئی ہے۔ ایک بیان میں غزہ کے حکام نے بتایا کہ انکلیو کے ہسپتالوں کو تین لاشیں موصول ہوئیں، جن میں دو اسرائیلی فائرنگ سے موقع پر شہید ہوئے جبکہ تیسرا زخموں کی وجہ سے شہید ہوگیا۔
فلسطینی حکام نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 زخمیوں کو بھی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جس سے زخمیوں کی تعداد 174,009 ہو گئی۔
10 اکتوبر 2025 کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے روزانہ کی بنیاد پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں کم از کم 1,203 فلسطینی ہلاک اور 3,900 دیگر زخمی ہوئے۔
جنگ بندی کا معاہدہ 8 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی طرف سے شروع کی گئی نسل کشی کے دو سال بعد طے پایا، جس کی وجہ سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور 90 فیصد شہری انفراسٹرکچر متاثر ہوئے ہیں، جس کی تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ اقوام متحدہ نے تقریباً 70 بلین ڈالر لگایا ہے۔