بھارتی کرکٹر اور اداکارہ کی ڈیٹنگ کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
بھارتی کرکٹر یشسوی جیسوال اور بالی ووڈ اداکارہ مرنال ٹھاکر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے جہاں دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہوں نے سوشل میڈیا پر زور پکڑ لیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کو ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں واقع بوجی کیفے میں ایک ہی وقت میں دیکھا گیا۔ بعد ازاں کیفے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں یشسوی جیسوال کیفے سے باہر نکلتے جبکہ مرنال ٹھاکر اندر موجود دکھائی دیتی ہیں۔
اگرچہ ویڈیو میں دونوں کے درمیان کسی بھی قسم کی رومانوی گفتگو یا قربت نظر نہیں آتی، تاہم ایک ہی مقام پر دونوں کی موجودگی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ مختلف فین پیجز نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں ممکنہ طور پر ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
Yashasvi Jaiswal dating Mrunal Thakur?😳 pic.twitter.com/dnr4FNSaEc
— Wickets Hitting (@offpacedelivery) July 26, 2026
دوسری جانب متعدد صارفین نے ان افواہوں کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ہی کیفے میں نظر آنا کسی رشتے کا ثبوت نہیں ہوتا۔ ممکن ہے دونوں کسی اشتہاری مہم، پیشہ ورانہ ملاقات یا کسی اور کام کے سلسلے میں وہاں موجود ہوں۔
تاحال کرکٹر یشسوی جیسوال اور اداکارہ مرنال ٹھاکر نے ان خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور نہ ہی اپنے درمیان کسی تعلق کی تصدیق کی ہے۔
ان افواہوں کے بعد دونوں کی عمر کے فرق پر بھی بحث شروع ہوگئی ہے۔ مرنال ٹھاکر کی عمر 33 سال جبکہ یشسوی جیسوال 24 سال کے ہیں یعنی دونوں کے درمیان تقریباً 9 سال کا فرق ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال مرنال ٹھاکر کا نام جنوبی بھارتی اداکار دھنوش کے ساتھ بھی جوڑا گیا تھا، تاہم دونوں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔