پیرس میں دن دہاڑے چاقو حملہ، تین خواتین زخمی، ایک کی حالت تشویشناک
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک شخص نے کچن کے چاقوؤں سے حملہ کر کے تین خواتین کو زخمی کر دیا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق حملہ آور کو ایک آف ڈیوٹی پولیس اہلکار نے موقع پر ہی قابو کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ پیرس کے شمالی علاقے پورٹ دے کلیشی میں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا۔ زخمی ہونے والی خواتین کی عمریں 19، 24 اور 36 سال بتائی گئی ہیں۔
فرانسیسی وزیر داخلہ لوراں نونیز کے مطابق زخمی ہونے والی دو خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک خاتون کے کمر کے نچلے حصے جبکہ دوسری کے پیٹ میں چاقو کے وار کیے گئے۔ مقامی حکام کے مطابق زخمی خواتین میں سے ایک حاملہ بھی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور کے ہاتھ میں دو کچن کے چاقو تھے اور اس نے اچانک راہ چلتی خواتین پر حملہ کر دیا۔
ایک خاتون ویٹرس کے مطابق ایک نوجوان نے اپنے بیگ سے حملہ آور کو مار کر زمین پر گرا دیا، جس کے بعد قریب موجود ایک ریسٹورنٹ کے ملازم نے کرسی رکھ کر اسے قابو میں رکھنے میں مدد کی، یہاں تک کہ پولیس پہنچ گئی۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ حملہ آور نے گرفتاری کے بعد غیر مربوط اور بے ربط گفتگو کی تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی اس کے محرکات کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔
پولیس نے ملزم کی شناخت یا حملے کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔