لاہور: شہدا پیکج کے تحت پولیس اہلکاروں کو گھر اور مالی مراعات دینے کی منظوری

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ہوا

محکمہ داخلہ پنجاب نے 14 شہدائے پولیس کو گھر اور مالی مراعات دینے کی منظوری دے دی۔

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ہوا، فرائضِ کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس ملازمین کیلئے شہداء پیکج کی منظوری دی گئی، *14 شہداء پولیس کیلئے مختلف شہید پیکجز کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزیر نے تمام شہداء کے ورثاء کو مالی واجبات اور مراعات بروقت فراہم کرنے کی ہدایت کی، سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی خان، ڈی آئی جی ویلفئیر محبوب راشد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

بھکر اور لیہ میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے بہادر شہداء کیلئے پیکج 1، بہاولنگر، سرگودھا، راجن پور، فیصل آباد اور گجرات میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والوں کیلئے شہید پیکج 2 اوربہاولنگر، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور ساہیوال میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والوں کیلئے شہید پیکج 3 کی منظوری دی گئی۔

داجل چیک پوسٹ بھکر پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد شہباز اور کانسٹیبل محمد فہیم کیلئے پیکج 1،  لیہ کے شہید کانسٹیبل محمد اسد نصیر کیلئے پیکج 1، بہاولنگر کے شہید سب انسپکٹر شاہد پرویز کیلئے پیکج 2، سرگودھا کے شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کیلئے پیکج 2، راجنپور کے شہید کانسٹیبل محمد ناصر کیلئے پیکج 2، فیصل آباد کے شہید ڈرائیور کانسٹیبل افتخار احمد کیلئے پیکج 2، گجرات کے شہید کانسٹیبل مرزا عمر آفتاب بیگ کیلئے پیکج 2 کی منظوری دی گئی۔ 

بہاولنگر کے شہید سب انسپکٹر محمد زمان ضیاء کیلئے پیکج 3، بہاولنگر کے شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد بشیر کیلئے پیکج 3، ڈی جی خان کے شہید کانسٹیبل محمد بسم اللہ کیلئے پیکج 3 ، رحیم یار خان کے شہید کانسٹیبل محمد رمضان کیلئے پیکج 3،  ساہیوال کے شہید کانسٹیبل طاہر الزماں صدیقی کیلئے پیکج 3، بہاولنگر کے شہید کانسٹیبل محمد وارث کیلئے پیکج 3 کی منظوری دی گئی۔

پیکج 1 کے تحت شہید کانسٹیبل کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے، 5 مرلے کا گھر اور دیگر مراعات ملیں گی، پیکج 2 کے تحت شہید کانسٹیبل کے ورثاء کو 40 لاکھ روپے، 5 مرلے کا گھر اور دیگر مراعات ملیں گی، پیکج 2 کے تحت شہید اے ایس آئی کے ورثاء کو 50 لاکھ روپے، 7 مرلے کا گھر اور دیگر مراعات ملیں گی۔

*پیکج 3 کے تحت شہید کانسٹیبل کے ورثاء کو 35 لاکھ روپے اور دیگر مراعات ملیں گی، پیکج 3 کے تحت شہید اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کے ورثاء کو 40 لاکھ روپے اور دیگر مراعات ملیں گی، 

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی شہید کے خاندان کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے، شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر اور پوری قوم کا فخر ہیں۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، حکومتِ پنجاب شہداء کے لواحقین کی بھرپور امداد جاری رکھے گی۔

پولیس جوانوں کو دوران ڈیوٹی شہید کرنے والے دہشت گردوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، اجلاس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

Load Next Story