ٹیکنالوجی، بہتر تربیت کے ذریعے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

شہباز شریف کی زیرِ صدارت حکومت کے حجم میں کمی (رائٹ سائزنگ) اور حکومتی استعدادِ کار بڑھانے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جدید ٹیکنالوجی اور بہتر تربیت سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری آسامیوں اور عہدوں کا خاتمہ اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، رائٹ سائزنگ کمیٹی اپنی باقی ماندہ سفارشات ایک ماہ میں مکمل کرے۔

اپنی زیر صدارت وفاقی حکومت کے حجم میں کمی (رائٹ سائزنگ) اور حکومتی استعداد کار بڑھانے سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائٹ سائزنگ کے اقدامات کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن، پاک پی ڈبلیو ڈی اور پاسکو بند کیے جا چکے ہیں جن سے قومی خزانے کو بچت ہو رہی ہے۔

انہوں نے رائٹ سائزنگ کے تحت ختم کی گئی آسامیوں اور اداروں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رائٹ سائزنگ کمیٹی اپنی باقی ماندہ سفارشات ایک ماہ میں مکمل کرے۔

انہوں نے حکومت کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے رائٹ سائزنگ کے حوالے سے اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے رائٹ سائزنگ کے حوالے سے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رائٹ سائزنگ اقدامات سے سول حکومت کے اخراجات کا جی ڈی پی میں تناسب کم ہوا۔

مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کا خاتمہ کر دیا گیا، ایس او ایز اور خود مختار اداروں کی رائٹ سائزنگ کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری ہو چکی ہے اور متعدد سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

 

Load Next Story