پاکستان قطر کے ساتھ سکیورٹی،مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک مستحکم بنانے کےلیے پرعزم ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطری ہم منصب و کمانڈر داخلی سلامتی فورس (لخویا) شیخ خلفیہ بن حمد بن خلفیہ الثانی سے اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں سکیورٹی سے متعلق شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، سکیورٹی پارٹنرشپ میں اضافے اور وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام، داخلی سکیورٹی سے متعلق باہمی تعاون اور شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بھی گفتگو کی۔ ملاقات میں داخلی سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ سکیورٹی اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کو مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے قطری ہم منصب سے ان کے والد محترم سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلفیہ الثانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور قطر کی تعمیر و ترقی میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
قطری وزیر داخلہ نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ اشتراک کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔