آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی پر ایران، سعودی عرب اور عمان کے درمیان اہم رابطے
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی اور خطے کی تازہ صورتحال پر سعودی عرب اور عمان کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق گفتگو میں علاقائی استحکام، دوطرفہ تعلقات اور سفارتی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عباس عراقچی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور عمان کے وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں گفتگوؤں میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر خطے میں استحکام برقرار رکھنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سفارتی رابطوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔
یہ رابطے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سعودی عرب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے عراق میں ایران سے منسلک گروہوں کی جانب سے داغے گئے ڈرونز کو مار گرایا۔ اس پیش رفت کے بعد خلیجی خطے کی سیکیورٹی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران، سعودی عرب اور عمان کے درمیان جاری سفارتی رابطے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور اہم بحری راستوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ سمجھے جا رہے ہیں۔