الیکٹرک بسیں کشمیر کو دینا سیاسی رشوت ہے، اپوزیشن کی تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع
الیکٹرک بسیں کشمیر کو دینے کے معاملے پر اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے تحریک التواء اسمبلی میں جمع کروا دی، جس میں بسوں کی فراہمی کو سیاسی رشوت قرار دے دیا گیا۔
تحریک التواء کے متن کے مطابق آزاد کشمیر الیکشن مہم کے ایک جلسے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے وعدہ کیا کہ انہیں 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دیا جائے گا اور اگلے دن ہی الیکشن سے قبل 10 الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر پہنچا دی گئیں۔
اپوزیشن رکن کی تحریک التواء کے مطابق پنجاب سے یہ سوال ہے کہ ان بسوں کی قیمت وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی جیب سے ادا کی ہے، کیا یہ قیمت غریب عوام جو کہ مہنگائی کی وجہ سے خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکی ہے ان کے خون پسینے کے ٹیکسوں سے ادا کی گئی ہے۔
تحریک التواء کے مطابق نہ تو پنجاب اسمبلی سے اسکی منظوری لی گئی ہے اور نہ ہی وزیر اعلیٰ نے اپنی جیب سے یہ بسیں خرید کر دی ہیں، یہ بسیں سیاسی رشوت کے طور پر اپنی پارٹی کا ووٹ بینک بڑھانے کے لیے آزاد کشمیر کے لوگوں کو فراہم کی گئی ہیں۔
تحریک التواء کے متن کے مطابق یہ صوبہ پنجاب کی عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے اور اس حوالے سے صوبہ پنجاب کی عوام میں بڑی تشویش پائی جاتی ہے، استدعا ہے کہ اس تحریک کو با ضابطہ قرار دے کر اس پر ایوان میں بحث کرنے کی اجازت دی جائے۔