پورے کے پی میں لوگ تیار ہیں کہ عمران خان کی رہائی کیلیے احتجاج کب کرنا ہے، علیمہ خان
فوٹو: فائل
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پانچ اگست کو عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی کال میری نہیں تھی پارٹی کی جانب سے دی گئی، مجھے تو کارکنوں کی جانب سے کے پی کے، کے مختلف اضلاع کے دورے کا کہا گیا۔
گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم جب کے پی پہنچے تو لوگ انتظار میں سڑکوں پر کھڑے تھے، ہزارہ، ہری پور، مردان، صوابی، سوات، بونیر سب جگہ گئے جہاں لوگ تیار ہیں، لوگ پانی پی ٹی آئی کی رہائی کے انتظار میں کھڑے ہیں کہ کب کال دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک کارکنوں کو خود چلانی ہے اور خود آرگنائز کرنی ہے، غلط فہمیاں جان بوجھ کر پیدا کی جارہی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی نہیں، سب نے دیکھا کے پی میں کتنے لوگ باہر نکلے ہیں، یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ نیشنل میڈیا کو بھی دکھانا چاہیئے، نیشنل میڈیا کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ان سب کو ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، میڈیا کے لوگ اٹھائے جاتے ہیں اور آپ چپ رہتے ہیں، نیشنل میڈیا کچھ نہیں دکھا رہا لیکن سوشل میڈیا پہ سب نظر آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے سب کو پتا ہے، بانی پی ٹی آئی عوام کی آواز ہیں اس ملک کے 90 فیصد عوام کی آواز ہیں، حالات بد سے بدتر اور خراب ہوتے چلے جا رہے ہیں، جو کچھ کشمیر میں ہو رہا ہے اس پر میڈیا کیوں خاموش ہے؟ سوشل میڈیا نے تو دکھا دیا ہے کہ کشمیر میں لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری 2024ء کو عوام نے ووٹ ڈال کر اپنا فیصلہ دیا تھا، آٹھ فروری کو انہوں نے چپکے سے ووٹ چوری کرلیا، بار بار بتا چکی ہوں پانچ اگست کا اعلان ہو چکا ہے۔
دریں اثنا عمران خان سے آج بھی علیمہ خان، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا سمیت کسی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی، بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات کا دن تھا، بشریٰ بی بی کی بھابھی مہرانساء کو ملاقات کی اجازت مل گئی۔
عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی بہنوں نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دیا، علیمہ خان، نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمی گنے چنے کارکنوں کے ساتھ موجود رہیں، پولیس کی بھاری نفری بھی فیکٹری ناکے پر تعینات رہی، اڈیالہ روڈ ٹریفک کے لیے جزوی طور پر کھلا رہا۔
سلمان اکرم راجہ تاخیر سے اڈیالہ روڈ پہنچے انہیں راولپنڈی پولیس نے میڈیسن فیکٹری ناکے پر روک لیا۔