ایک غیر سنجیدہ ویڈیو سے ’جنریشن زی کا وائرل بوائے‘ بننے والا نوجوان کون ہے؟
کبھی صرف چند ہزار فالوورز رکھنے والا ایک عام سا نوجوان، چند ہی دنوں میں بھارت کا سب سے زیادہ زیرِ بحث کانٹینٹ کریئیٹر بن گیا۔ دہلی کے رہائشی ابھینیو بھشٹ نے ثابت کردیا کہ اگر کانٹینٹ لوگوں کے دل کو چھو جائے تو شہرت حاصل کرنے میں برسوں نہیں، صرف چند گھنٹے بھی کافی ہوتے ہیں۔
بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونے والے طلبا احتجاج کے دوران ابھینیو نے روایتی رپورٹنگ کے بجائے مختصر، مزاحیہ اور ’جنریشن زی‘ انداز کی ویڈیوز بنانا شروع کیں۔ ان کی ریلز نے احتجاج کو نوجوانوں کی زبان میں پیش کیا، جس کی وجہ سے وہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا کا سب سے نمایاں چہرہ بن گئے۔
اس ایک ویڈیو نے ابھینیو کی قسمت بدل دی اور ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد تقریباً 4 سے 5 ہزار سے بڑھ کر 6 لاکھ 35 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی۔ یہی وجہ تھی کہ انہیں سوشل میڈیا پر ’سب سے غیر سنجیدہ مگر سب سے مؤثر Gen Z رپورٹر‘ جیسے القابات بھی دیے جانے لگے، کیونکہ وہ سنجیدہ احتجاج کو نوجوانوں کے پسندیدہ انداز میں پیش کر رہے تھے۔
آخرکار مداحوں کی مسلسل مہم رنگ لے آئی اور میٹا نے ابھینیو کا اصل انسٹاگرام اکاؤنٹ بحال کردیا۔ اکاؤنٹ واپس ملنے کے بعد انہوں نے ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری رات سو نہیں سکے تھے اور اب جا کر سکون کا سانس لیا ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعاؤں اور حمایت کی بدولت ہی ان کا اکاؤنٹ واپس آیا۔ یہ ویڈیو بھی دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔