وزیراعظم کی چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے قرضوں تک رسائی تیز بنانے کی ہدایت

جو بینک کاروباری شعبے، خصوصاً ایس ایم ایز کو زیادہ قرضے دے گا اسے ہر سال خصوصی ایوارڈ دیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت ملک میں کاروباری شعبے، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی قرضوں تک رسائی بڑھانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ اور محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان جمیل احمد، چیئرمین پاکستان بینکرز ایسوسی ایشن ظفر مسعود اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے، اس سے نہ صرف سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کاروباری برادری، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کیلئے قرضوں تک رسائی تیز کی جائے، جو بینک کاروباری شعبے، خصوصاً ایس ایم ایز کو سب سے زیادہ قرضے دے گا، اسے ہر سال خصوصی ایوارڈ دیں گے۔

وزیراعظم نے مالیات تک رسائی (Access to Finance) کے فروغ کے لیے گورننس ڈھانچے کی منظوری بھی دی۔ مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔ اسی طرح، A2F بڑھانے کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کی  سربراہی وزیر خزانہ کری گے اور گورنر اسٹیٹ بینک شریک چیئرمین ہوں گے۔

ایس ایم ای، زرعی، آئی ٹی، نئی توانائی اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے الگ شعبہ جاتی ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026ء میں بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای فنانسنگ کا حجم 1.15 ٹریلین روپے سے بڑھا کر جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جون 2028 تک ایس ایم ای قرض لینے والوں کی تعداد موجودہ 3 لاکھ 24 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کیا جائے گا، بینکاری قرضوں میں ایس ایم ای فنانسنگ کا حصہ موجودہ 9.9 فیصد سے بڑھا کر جون 2028 تک 13 فیصد کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینکوں کی کارکردگی جانچنے اور اہداف کے حصول کی مؤثر نگرانی اور حوصلہ افزائی کے لیے اسکورنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

 

Load Next Story