پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کردیا

آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف نہیں تھے، عوام کا کم ٹرن آؤٹ عدم اعتماد کی واضح مثال ہے، اعلامیہ

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا جبکہ پی پی اور ن لیگ کو عوام نے مسترد کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور اور پولیٹیکل کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں کمیٹیوں نے پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کر دیا جبکہ قرار دیا گیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف نہیں تھے اور الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا۔

تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں ہلاکتوں کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جبکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ کشمیری عوام نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا اور کم ٹرن آؤٹ انتخابی عمل پر عوامی عدم اعتماد کا ثبوت ہے۔

پی ٹی آئی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 5 اگست اسلام آباد جلسے کی تیاریاں اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، یہ جلسہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔ تحریک انصاف نے ایک بار پھر بانی چیئرمین کو قانونی، آئینی اور جیل میں انسانی حقوق دینے جبکہ اہل خانہ، وکلا اور پارٹٰ قیادت سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا اور سیاسی انتقام بند کیا جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی میں اتحاد، نظم و ضبط اور یکجہتی ناگزیر ہے، تمام تنظیمیں اتحاد اور ہم آہنگی کو یقینی بنائیں جبکہ بانی چیئرمین کی رہائی اور آئین کی بالادستی پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ 

Load Next Story