ایرانی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد اضافہ

برینٹ کروڈ کی قیمت بھی 3.39 فیصد اضافے کے ساتھ 86.94 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی

ٹوکیو: ایران کی جانب سے میزائل حملوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ابتدائی ایشیائی ٹریڈنگ کے دوران برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمتیں 3 فیصد سے زیادہ بڑھ گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، تاہم اس واقعے کے بعد سرمایہ کاروں میں مشرق وسطیٰ میں توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے۔

مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت تقریباً 3.67 فیصد اضافے کے بعد 82.17 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

اسی طرح برینٹ کروڈ کی قیمت بھی 3.39 فیصد اضافے کے ساتھ 86.94 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں سرمایہ کار فوری طور پر تیل کی رسد کے بارے میں تشویش کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے اوپر چلی جاتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خطے میں فوجی کشیدگی برقرار رہی یا آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

عالمی توانائی کی منڈی اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، بحری نقل و حمل کی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Load Next Story