اداکار و فلمساز سنیل آنند 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والے سنیل آنند نے 1984 میں فلم ’آنند اور آنند‘ سے اداکاری کا آغاز کیا

بھارتی لیجنڈری اداکار دیو آنند کے بیٹے اور اداکار و فلمساز سنیل آنند 70 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا۔ انہوں نے اسی اسپتال میں آخری سانس لی جہاں ان کے والد دیو آنند کا بھی 2011 میں انتقال ہوا تھا۔

واضح رہے کہ فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والے سنیل آنند نے 1984 میں فلم ’آنند اور آنند‘ سے اداکاری کا آغاز کیا مگر فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔

بعد ازاں سنیل آنند ’کار تھیف‘ (1986) اور ’میں تیرے لیے‘ (1988) جیسی فلموں میں بھی نظر آئے، لیکن اداکاری میں خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے کے بعد انہوں نے اپنے والد کے پروڈکشن ہاؤس ’نوکیتن فلمز‘ کے انتظامی امور سنبھالے۔

Load Next Story