قیامت کتنے بجے ہے؟ مریم نواز کا سوال

پیپلز پارٹی جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

(فوٹو: اے آئی)

لاہور:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوال کیا ہے کہ قیامت کتنے بجے ہے؟۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ قیامت کتنے بجے ہے؟

قبل ازیں  اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ آپ کے پاس کارکردگی ہوتی، گورننس ہوتی، عوام کے لیے ایجنڈا ہوتا تو دوسروں پر حملوں میں وقت ضائع نہ کرتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سندھ میں 17 سال حکومت کے باوجود بتانے کو کچھ نہیں تھا۔ اے جے کے کے عوام نے گرین بس، اپنی چھت اپنا گھر، اپنا کھیت اپنا روزگار، کسان کارڈ، پکی سڑکوں اور امن و امان کو ووٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اب دھاندلی کا رونا نہیں، اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔ اپنے ایک اور بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آزاد کشمیر میں شکست تسلیم کریں اور سندھ کی محرومیاں ختم کرنے پر توجہ دیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بلاول بھٹو آزاد کشمیر میں شکست تسلیم کریں اور سندھ کی محرومیاں ختم کرنے پر توجہ دیں، مریم نواز

دریں اثنا سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات، راجہ پرویز اشرف نے فوج کی نگرانی میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کر دیا

راجہ پرویز اشرف نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی باہر نکالا گیا جبکہ مسلح افراد کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے اور مبینہ جعلی ووٹنگ کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جو انتہائی سنگین نوعیت کی ہیں۔

علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ریاست فیصلہ کرے  کہ (ن) لیگ کا مفاد اہم ہے یا پاکستان کا؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو میرپور کے عوام نے اکثریت دلوا دی ہے اب ہمارا کام ہے کہ عوام کے ووٹ کو تحفظ دلوانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست فیصلہ کرے (ن) لیگ کا مفاد اہم ہے یا پاکستان کا؟ بلاول بھٹو

پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے میرپور سے لیکر پونچھ تک کیا اسے جمہوریت کا نام دے سکتے ہیں؟ میں سلام پیش کرتا ہوں آپ کے ووٹ کے مطابق کے آپ نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریت دلوائی۔

واضح رہے کہ  پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ پی پی اور ن لیگ کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں: پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کردیا

پارٹی  اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور اور پولیٹیکل کمیٹی کمیٹیوں نے پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کر دیا جبکہ قرار دیا گیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف نہیں تھے اور الیکشن میں عوامی مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا۔

Load Next Story