سپریم کورٹ میں مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے پر کام جاری

مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے پر کام کیا جارہا ہے، سیکریٹری ٹو چیف جسٹس

اسلام آباد:

سپریم کورٹ میں مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے پر کام جاری ہے۔

یہ بات سپریم کورٹ سیکریٹری ٹو چیف جسٹس مشتاق احمد نے میڈیا کو سپریم کورٹ سروسز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ سہیل لغاری بھی موجود تھے۔

سیکریٹری ٹو چیف جسٹس مشتاق احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ اب مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے پر کام کررہی ہے، اے آئی پالیسی کے مطابق مقدمات کو مقرر کرے گی۔

مشتاق احمد نے کہا کہ اے آئی سے مقدمات مقرر کرنے میں انسانی عمل دخل ختم ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ مجموعی طور پر 35 سروسز فراہم کررہی ہے، بیشتر سروسز کو آن لائن کردیا گیا ہے، 12 سروسز کو آنلائن کرنے پر کام جاری ہے۔

سپریم کورٹ رجسٹرار سہیل لغاری نے کہا ہے کہ نیب سے متعلق حالیہ فیصلے کے بعد مقدمات کی کیٹگرائزیشن جاری ہے، سپریم کورٹ میں اس وقت نیب کے 300 کے قریب مقدمات موجود ہیں۔

Load Next Story