سینئر اداکار محمد احمد سے بدتمیزی کا معاملہ، فیصل قریشی سمیت شوبز شخصیات کا شدید ردِعمل
پاکستان کے سینئر اداکار اور ممتاز مصنف سید محمد احمد کی جانب سے ایک جونیئر اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق انکشاف کے بعد شوبز انڈسٹری میں ہمدردی اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متعدد معروف فنکاروں نے نہ صرف سید محمد احمد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا بلکہ متعلقہ اداکار سے فوری معافی کا مطالبہ بھی کر دیا۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں سید محمد احمد نے کسی کا نام لیے بغیر بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان سے عمر میں تقریباً چار دہائیاں چھوٹا ایک اداکار مسلسل ان کا مذاق اڑاتا رہا۔ ان کے مطابق گرین روم میں موجود دیگر افراد کے سامنے اس اداکار نے ان کے چمڑے کے بیگ پر طنزیہ جملے کسے اور ایسا تاثر دینے کی کوشش کی جیسے وہ دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہیں نشانہ بنا رہا ہو۔
سینئر اداکار نے مزید بتایا کہ معاملہ صرف طنز تک محدود نہیں رہا بلکہ مذکورہ اداکار نے سب کے سامنے یہ بھی کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ محمد احمد کو بار بار کیوں کاسٹ کیا جاتا ہے، کیونکہ ان کے بقول وہ ہر کردار میں ایک ہی انداز کی اداکاری اور ایک جیسا ہیئر اسٹائل رکھتے ہیں۔
محمد احمد کے مطابق شوٹنگ کے دوران ایک موقع پر اس اداکار نے ایک ساتھی اداکارہ سے پورٹیبل پنکھا لیا اور اسے ہیئر ڈرائر کی طرح ان کے سر کی جانب کرتے ہوئے بلند آواز میں مذاق اڑایا کہ وہ ان کا ہیئر اسٹائل بنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہیں تو اسی وقت جواب دے سکتے تھے، مگر ایسا کرنے سے نہ صرف شوٹنگ کا ماحول خراب ہوتا بلکہ وہ خود بھی اسی سطح پر آ جاتے۔ انہیں یہ خدشہ بھی تھا کہ ان کا کوئی ردِعمل موبائل یا کیمرے میں ریکارڈ ہو کر مزید تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔
سید محمد احمد نے بتایا کہ انہوں نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے پورا دن شوٹنگ مکمل کی، تاہم گھر پہنچنے کے بعد یہ واقعہ پوری رات ان کے ذہن پر سوار رہا۔ ان کے بقول انہیں اس بات کا دکھ تھا کہ ایک نسبتاً نیا فنکار سب کے سامنے ان کی تضحیک کرتا رہا اور وہ ماحول کی خاطر خاموش رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز، ہدایت کار اور یونٹ کے دیگر افراد کا رویہ نہایت احترام پر مبنی تھا، اس لیے وہ ایک فرد کی نامناسب حرکت کی وجہ سے پورے منصوبے کی فضا خراب نہیں کرنا چاہتے تھے۔
محمد احمد کے بیان کے سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات نے کھل کر ان کی حمایت کی۔ اداکار و ہدایت کار شمون عباسی نے کہا کہ وہ جانتے ہیں یہ جونیئر اداکار کون ہے، اس لیے بہتر یہی ہوگا کہ اس کی شناخت منظرِ عام پر آنے سے پہلے وہ خود آگے بڑھ کر محمد احمد سے معافی مانگ لے۔ ان کے مطابق محمد احمد انڈسٹری کے باوقار اور شائستہ ترین فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور نئے فنکاروں کو ان جیسے سینئرز سے سیکھنا چاہیے۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس شخص کا نام جاننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا، ’’سر، نام بتائیں، پھر معاملہ میرے اور اس اداکار کے درمیان ہوگا۔‘‘
اداکار سید جبران نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ محمد احمد نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام ظاہر نہیں کیا، تاہم متعلقہ اداکار کو خود آگے آ کر معذرت کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق محمد احمد جیسے نرم مزاج انسان اگر برسوں بعد بھی یہ واقعہ بیان کرنے پر مجبور ہوئے ہیں تو اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ معاملہ انہیں کس قدر تکلیف پہنچا گیا۔
ادھر اس معاملے پر مسلسل ملنے والی حمایت کے بعد سید محمد احمد نے انسٹاگرام پر اپنے ساتھی فنکاروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ انہیں موصول ہونے والے پیغامات، فون کالز اور وائس نوٹس نے بے حد حوصلہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس افسوسناک واقعے کے بجائے اپنے ساتھیوں کی محبت اور احترام کو یاد رکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ یہی احساس انہیں اس بات کا یقین دلاتا ہے کہ انڈسٹری میں گزارے گئے ان کے برس رائیگاں نہیں گئے۔