عماد شکیل بٹ کو پاکستان ہاکی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا، ابوبکر نئے کپتان مقرر

عماد شکیل بٹ بطور سینئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ کو کپتانی سے ہٹا کر ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا۔

پی ایچ ایف کے مطابق ابوبکر آئندہ بین الاقوامی مقابلوں میں قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا جبکہ عماد شکیل بٹ بطور سینئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ ابوبکر کی قیادت، سینئر کھلاڑیوں کے تجربے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے امتزاج سے قومی ٹیم متحد اور مضبوط انداز میں آگے بڑھے گی۔

ابوبکر 30 جولائی کو کوریا کے خلاف ہوم سیریز میں پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ہاکی ورلڈ کپ 15 اگست سے شروع ہوگا۔

 

Load Next Story