امریکا:کرتب کے دوران بیوی کی سنگین غلطی، شوہر بال بال بچ گیا
امریکا کی ریاست نیویارک میں ایک سرکس کے دوران خطرناک کرتب پیش کرتے ہوئے حادثہ پیش آیا، جہاں خاتون فنکار کے چلائے گئے تیر نے غلطی سے اس کے شوہر کی گردن کو نشانہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اورنج کاؤنٹی فیئر، مڈل ٹاؤن میں پیش آیا۔ 42 سالہ آنا دازا تاویرا اور ان کے 38 سالہ شوہر ایڈون کیورو رانگل اپنے مشہور کراس بو شارپ شوٹنگ کے کرتب کا مظاہرہ کر رہے تھے جب اہلیہ کا چلایا گیا تیر غلطی سے فوم کا ہدف تھامے شوہر کی گردن میں جا لگا۔
واقعے کے بعد زخمی فنکار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی جبکہ سرکس کا باقی شو اسی رات منسوخ کر دیا گیا۔
سرکس مرسیا کے رنگ ماسٹر بینجمن جیکسن نے بتایا کہ خوش قسمتی سے تیر گردن کے اس حصے میں لگا جہاں زیادہ تر نرم بافتیں موجود تھے اور کوئی بڑی خون کی شریان متاثر نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ تیر لگنے کے باوجود زیادہ خون نہیں بہا بس معمولی خون آیا، بالکل ایسے جیسے کان چھدواتے وقت ہوتا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم، ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقعہ تھا۔