ایم کیو ایم رہنما کا وزیراعلیٰ سندھ کوخط، ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بےضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ

کراچی کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر فوری اور غیرجانبدار انکوائری ناگزیر ہے، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی

ایم کیو ایم پاکستان کے سندھ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہٰ احمد خان نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر کے ایم سی کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی آزاد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر فوری اور غیرجانبدار انکوائری ناگزیر ہے، کیونکہ اربوں روپے مختص ہونے کے باوجود شہر کی سڑکیں اور سیوریج کا نظام تباہ حال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ترقیاتی فنڈز کہاں اور کیسے خرچ ہوئے۔

طحہٰ احمد خان نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، جوابدہی اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام معاملات قانون کے مطابق ہوئے ہیں تو آزاد انکوائری سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، جبکہ عوامی وسائل کے ممکنہ غلط استعمال کی مکمل اور غیرجانبدار تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مالی، تکنیکی اور فرانزک آڈٹ کرایا جائے، ذمہ دار افسران اور متعلقہ عناصر کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نتائج چاہییں، صرف دعوے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا مرکز ہے، اس کے ساتھ ناانصافی مزید برداشت نہیں کی جا سکتی، اور عوام کے ٹیکس کے ہر روپے کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

طحہٰ احمد خان نے کہا کہ کے ایم سی کے ترقیاتی منصوبوں کی فوری، آزاد اور شفاف تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہیں، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے عوام کے حقوق اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور پارلیمانی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

Load Next Story