ارجنٹینا میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 7 افراد ہلاک
ارجنٹینا کے مغربی صوبے سان خوان میں جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے مشن پر جانے والا ایک بیل 412 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار ساتوں افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر سان خوان سے پڑوسی صوبے لا ریوخا میں جنگلاتی آگ بجھانے کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
حادثے میں سول پروٹیکشن، فائر سروس، پولیس اور وفاقی ایمرجنسی ایجنسی کے اہلکاروں سمیت پائلٹ بھی ہلاک ہوئے۔
ہیلی کاپٹر سے صبح تقریباً 10:30 بجے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جس کے بعد پہاڑی علاقے میں اس کا ملبہ تلاش کیا گیا۔
صوبہ سان خوان کے گورنر نے واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔