ثاقب چدھڑ پر متعدد اداکاراؤں سے فلرٹ کرنے کے الزامات، ایم پی اے مشکل میں آگئے

اداکارہ اروبا مرزا نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ثاقب چدھڑ کے مبینہ میسجز کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اداکارہ مومنہ اقبال کے ساتھ تنازع کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی کے الزامات اور ثاقب چدھڑ کے جوابی دعوؤں کے بعد معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ اسکرین شاٹس نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

مشہور سوشل میڈیا چینل اسٹریم پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ ثاقب چدھڑ نے صرف مومنہ اقبال ہی نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری کی دیگر اداکاراؤں سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی۔

چینل کے مطابق ثاقب چدھڑ نے اداکارہ سیدہ طوبیٰ انور کو انسٹاگرام پر پیغامات بھیجے اور انہیں آئی فون تحفے میں دینے کی پیشکش بھی کی۔

 اداکارہ اروبا مرزا کو بھی لگاتار میسجز:

اسی دوران تماشا سیزن 2 کی فاتح اداکارہ اروبا مرزا نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ثاقب چدھڑ کے مبینہ ڈائریکٹ میسجز کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں انہیں جواب نہ ملنے کے باوجود بار بار  ’ہیلو‘ لکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل:

ان مبینہ پیغامات کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ثاقب چدھڑ کو شدید تنقید اور طنز کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ اسکرین شاٹس اور دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، اور ثاقب چدھڑ نے ان تازہ الزامات پر تاحال کوئی عوامی مؤقف جاری نہیں کیا ہے۔

Load Next Story