صارفین کےلیے آئی فون اور دیگر ایپل ڈیوائسز خریدنا آسان ہوگیا، تفصیلات جانیے

اب آئی فون سمیت مختلف ایپل ڈیوائسز آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کی جا سکیں گی

ایپل نے اپنے صارفین کے لیے نئی فنانسنگ سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب آئی فون سمیت مختلف ایپل ڈیوائسز آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کی جا سکیں گی۔ کمپنی نے اس مقصد کے لیے سابقہ آئی فون اپ گریڈ پروگرام اور آئی فون پیمنٹ پلان کی جگہ ایپل اپ گریڈ پلان لانچ کر دیا ہے۔

ایپل کے مطابق اس نئی اسکیم کو مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی Klarna کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ صارفین ایپل کی آفیشل ویب سائٹ، ایپل اسٹور ایپ یا کمپنی کے ریٹیل اسٹورز کے ذریعے اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ درخواست جمع کرانے کے بعد Klarna صارف کی اہلیت جانچنے کے لیے سافٹ کریڈٹ چیک کرے گی، جس سے کریڈٹ اسکور متاثر نہیں ہوگا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے تحت بیشتر نئے آئی فون، میک، آئی پیڈ اور ایپل واچ ماڈلز لیز پر دستیاب ہوں گے، تاہم چند مصنوعات اس سہولت کا حصہ نہیں ہیں۔ ان میں آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، ایپل واچ ایس ای، میک بک نیو، اے16 بیس ماڈل آئی پیڈ اور اسٹوڈیو ڈسپلے شامل ہیں۔

نئے اپ گریڈ پلان میں ایک نمایاں تبدیلی یہ بھی کی گئی ہے کہ پہلے کی طرح AppleCare+ ماہانہ قسط میں شامل نہیں ہوگا۔ اگر صارف اس اضافی تحفظ کی سہولت حاصل کرنا چاہیں تو انہیں اسے الگ سے خریدنا ہوگا۔ البتہ جو صارفین اپنی اقساط ایپل کارڈ کے ذریعے ادا کریں گے، انہیں روزانہ کی بنیاد پر 3 فیصد کیش بیک بھی دیا جائے گا۔

ایپل نے مختلف ڈیوائسز کے لیے الگ الگ لیز مدت اور اقساط مقرر کی ہیں۔ آئی فون کے لیے 12 یا 24 ماہ کی مدت رکھی گئی ہے، جس کی ماہانہ قسط 17.99 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ ایپل واچ 12 یا 24 ماہ کے منصوبے کے تحت 11.99 ڈالر ماہانہ سے دستیاب ہوگی۔

اسی طرح میک کمپیوٹرز 24 یا 36 ماہ کی مدت کے ساتھ 24.99 ڈالر ماہانہ سے حاصل کیے جا سکیں گے، جبکہ آئی پیڈ کے لیے بھی 24 یا 36 ماہ کا پلان دستیاب ہوگا، جس کی ابتدائی ماہانہ قسط 11.99 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئی اسکیم کا مقصد صارفین کے لیے جدید ایپل ڈیوائسز تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔

لیز کی مدت ختم ہونے پر صارفین کے پاس تین اختیارات ہوں گے، وہ اپنی موجودہ ڈیوائس واپس کر کے نیا ماڈل حاصل کرتے ہوئے نئی لیز شروع کرسکتے ہیں، باقی ماندہ رقم ادا کرکے ڈیوائس مستقل طور پر خرید سکتے ہیں، یا پھر ڈیوائس واپس کرکے منصوبہ ختم کرسکتے ہیں۔

Load Next Story