فواد خان کی کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کے بعد وائرل نئی تصاویر نے مداحوں کو چونکا دیا

وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں فواد خان کی نئی شکل نے مداحوں کو چونکا دیا

پاکستان کے معروف اداکار فواد خان ایک بار پھر اپنی نئی تصاویر کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ان کی حالیہ جھلک دیکھ کر مداحوں کی بڑی تعداد ان کی بدلتی ہوئی شخصیت پر تبصرے کر رہی ہے، جبکہ بعض صارفین نے یہ قیاس آرائیاں بھی شروع کر دی ہیں کہ شاید اداکار نے ہلکی نوعیت کے کاسمیٹک ٹریٹمنٹ بھی کروائے ہیں۔

فواد خان اس وقت اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ عائزہ خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں فواد خان ایک سیکیورٹی فورسز کے افسر کا کردار نبھا رہے ہیں، جس کے لیے انہوں نے اپنے بال پہلے سے کافی مختصر کر لیے ہیں۔ یہی نیا ہیئر اسٹائل ان کی مجموعی شخصیت میں واضح تبدیلی کا باعث بنا ہے۔

حال ہی میں سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فواد خان کی نئی شکل نے مداحوں کو چونکا دیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں انہیں لاہور کے ایک معروف کاسمیٹک سرجن کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس کے بعد یہ افواہیں مزید شدت اختیار کر گئیں کہ شاید انہوں نے اپنی شخصیت نکھارنے کے لیے کسی قسم کا جمالیاتی علاج بھی کروایا ہے۔

اگرچہ فواد خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ بعض مداحوں کا کہنا تھا کہ اداکار کے چہرے پر معمولی تبدیلیاں محسوس کی جا سکتی ہیں، جن میں بوٹوکس، فلرز یا دیگر کاسمیٹک طریقۂ علاج شامل ہو سکتے ہیں، جبکہ کئی صارفین نے اسے محض نئے ہیئر اسٹائل، وزن میں کمی اور بہتر فٹنس کا نتیجہ قرار دیا۔

چند صارفین نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ فواد خان اپنے کاسمیٹک سرجن کا پتہ بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کریں، جبکہ بعض نے ان کے چہرے پر فیس لفٹ اور فلرز جیسے ٹریٹمنٹس کی قیاس آرائیاں کیں۔ دوسری جانب متعدد مداحوں نے ان کے نمایاں وزن میں کمی پر بھی تبصرہ کیا۔ کچھ افراد نے اندازہ لگایا کہ ذیابیطس کے مریض ہونے کی وجہ سے ممکن ہے وہ وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک (Ozempic) جیسی دوا استعمال کر رہے ہوں، تاہم اس دعوے کی بھی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔

Load Next Story