جب تک امریکی دھمکیاں اور مداخلت جاری ہے، آبنائے ہرمز نہیں کھلےگی، ایران

پاسداران انقلاب نے کہا کہ حملہ آور کی مدد کرنے والوں نے اپنا طریقہ نہیں بدلا تو پھر انہیں بھی نتائج کا سامنا کرنا ہوگا

فوٹو: ایرانی میڈیا

ایران کے پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ جب تک خطے میں امریکا کی جانب سے دھمکیوں اور مداخلت کا سلسلہ جاری ہے اس وقت تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز ہمارا علاقہ ہے اور پاسداران انقلاب کی بحریہ کے بہادر جوان بھرپور انداز میں کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں، کسی بیرونی عناصر کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی جو ہزاروں کلومیٹر دور سے آیا ہو۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ خدا کی مدد سے جارحیت کرنے والے کو آج سزا دی جائے گی اور دیگر ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جو حملہ آور کی مدد کر رہے ہیں اگر انہوں نے اپنا انداز نہیں بدلا تو انہیں بھی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ جو ممالک حملہ آور ملک کو تعاون فراہم کر رہے ہیں اگر انہوں نے اپنے اطوار تبدیل نہیں کیے تو پھر انہیں بھی نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک دوبارہ نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکی حکام کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات اور دھمکیاں اور خطے میں ان کی مداخلت کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکا کے حوالے سے سخت لہجے میں کہا گیا کہ دھمکیاں اور مداخلت کی وجہ سے صورت حال مزید پیچیدہ اور زیادہ سنگین ہوگی۔

پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں امریکی مداختل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی ایئرکرافٹ کی نگرانی میں میں دو آئل ٹینکروں نے آبنائے ہرمز کے غیرمحفوظ جنوبی روٹ سے نکلنے کی کوشش کی، جن میں سے ایک ٹینکر پر آگ لگی، جس کے نتیجے میں فوری طور پر ٹینکرز کو واپس مڑنا پڑا۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز نہ کھولنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف حملوں کی تازہ لہر شروع کردی گئی ہے اور ان حملوں میں ایران کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکی حملوں میں جزیرہ قشم میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں ایک گھر کے اندر دو سالہ بچے سمیت ان کے والدین امریکی حملے میں شہید ہوگئے۔

متعلقہ

Load Next Story