اداس یا خراب موڈ سے نجات کیسے حاصل کریں؟ چند آسان عادات آپ کا دن بدل سکتی ہیں

روزمرہ کی چند سادہ عادات ذہنی کیفیت کو بہتر بنانے اور موڈ خوشگوار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں

فوٹو : فائل

دن بھر کی مصروفیات، ذہنی دباؤ اور تھکن کے بعد اداسی یا خراب موڈ محسوس کرنا ایک عام بات ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی کیفیت ہر انسان کو کبھی نہ کبھی پیش آ سکتی ہے، تاہم اس سے باہر نکلنے کے لیے گھنٹوں موبائل فون استعمال کرنا مؤثر حل نہیں سمجھا جاتا۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزمرہ کی چند سادہ عادات ذہنی کیفیت کو بہتر بنانے اور موڈ خوشگوار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے منفی خیالات کو ذہن سے نکالنے اور مثبت سوچ اپنانے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ خوشگوار ذہن ہی بہتر احساسات کی بنیاد بنتا ہے۔

ماہرین کے مطابق دانت صاف کرنا یا برش کرنا بھی حیرت انگیز طور پر موڈ بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف تازگی کا احساس پیدا ہوتا ہے بلکہ انسان خود کو پہلے سے زیادہ پُرسکون اور ہلکا محسوس کرتا ہے۔

اسی طرح کھانا پکانا بھی ذہنی دباؤ کم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا جاتا ہے۔ جب انسان اپنی توجہ مکمل طور پر کسی ایک سرگرمی پر مرکوز کرتا ہے تو ذہن وقتی طور پر پریشانیوں سے ہٹ جاتا ہے، جس سے تناؤ میں کمی آ سکتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شوگر فری چیوئنگ گم چبانے سے بھی بعض افراد کو ذہنی تازگی محسوس ہوتی ہے، جبکہ اگر طبیعت اجازت دے تو صرف 10 سے 15 منٹ کی چہل قدمی موڈ میں واضح بہتری لا سکتی ہے۔

اگر زیادہ تھکن کے باعث واک ممکن نہ ہو تو چند منٹ کے لیے کھلی اور تازہ ہوا میں بیٹھنا بھی ذہنی سکون اور تازگی فراہم کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ماحول کی معمولی تبدیلی بھی طبیعت پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔

بعض اوقات انسان کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ اس کا موڈ کیوں خراب ہے، جس کی وجہ سے چڑچڑاپن مزید بڑھ جاتا ہے۔ ایسے مواقع پر پسندیدہ چیز، مثلاً آئس کریم کھانا، وقتی طور پر خوشگوار احساس پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم ماہرین اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ اگر اداسی یا افسردگی مسلسل برقرار رہے تو اسے معمولی سمجھنے کے بجائے کسی ماہرِ نفسیات سے مشورہ کرنا چاہیے۔

Load Next Story