روس؛ ارب پتی تاجر، ڈرون بنانے والے ادارے کے عہدیدار سمیت کئی افسران فراڈ کیس میں گرفتار
فوٹو: رائٹرز
روس کی حکومت نے ارب پتی تاجر، ان کی کمپنی کے متعدد عہدیداروں اور ڈرون بنانے والے ادارے کے عہدیدار کو فراڈ کیس میں گرفتار کرلیا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روسی ارب پتی تاجر ویلیری کوستوف، ان کی کمپنی ایفکو کے افسران اور ڈروان بنانے والی کمپنی کے سرکاری عہدیدار کو فراڈ کے بڑے کیس کی تفتیش کے سلسلے میں تحویل میں لے لیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ویلیری کوستوف ایفکو کے بانی ہیں اور ان کے پاس کمپنی کے اکثر حصص ہیں اور بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، یہ کمپنی ڈرون بناتی ہے اور سن فلاور تیل پیدا کرنے والی روس کی بڑی کمپنیوں میں شا مل ہے۔
گرفتاریوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایفکو کے دیگر تین عہدیداروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
روس کی وزارت تجارت اور صنت نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ روبوٹکس اور خودکار نظام کے محکمے کے نائب سربراہ ایلا پولوویشینا کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایفکو سے جاری بیان میں اپنے گرفتار افسران سے تعاون کا اظہار کیا گیا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
رپورٹ کے مطابق روس کا ایفکو گروپ فیوچر ٹرانسپورٹ کے ماتحت 2021 سے ڈرون بنانے کی صنعت سے منسلک ہے، جس کا دعویٰ ہے کہ وہ روس میں خود کار ایرئیل گاڑیوں کی پیداوار میں سرفہرست ہے۔