امریکی وفد کا سندھ کے ترقیاتی منوصوبوں کا دورہ، سرمایہ کاری پر بھرپور دلچسپی کا اظہار
ایس آئی ایف سی کی موثر معاونت سے امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر بھرپور دلچسپی کا اظہار کردیا۔
معروف امریکی سرمایہ کاروں اور پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد نے سندھ کے مختلف ترقیاتی اور صنعتی منصوبوں کا دورہ کیا، امریکی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔
وفد کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں بن قاسم انڈسٹریل پارک، کیٹی بندر پورٹ، ٹیک پارک اور انٹرنیشنل فنانشل سینٹر پر تبادلۂ خیال کیا گیا، ملاقات میں ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفد نے بن قاسم انڈسٹریل پارک کا دورہ کیا جس میں صنعتی ترقی، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بریفنگ دی گئی، کراچی پورٹ ٹرسٹ نے وفد کو بندرگاہ کی جدید کاری اور میری ٹائم سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔
وفد کو ماہی گیری، سی فوڈ پراسیسنگ، شپ یارڈ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بریفنگ دی گئی۔
امریکی وفد نے گورنر سندھ سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا، وفد نے قابلِ تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سینٹرز، فن ٹیک اور ٹیکنالوجی پارکس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔