بالاکوٹ؛ شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے پیش نظر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک بند
این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے الرٹ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحکمِ ثانی بند کر دی۔
اعلامیے کے مطابق بالاکوٹ، وادی کاغان، ناران، جھیل سیف الملوک اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے باعث سیاحوں کی حفاظت کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
جھیل سیف الملوک روڈ پر کلائوڈ برسٹ راستے میں سیاح پھنس گئے ٹورازم پولیس نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں pic.twitter.com/fhHUCXoh6c
— ahtasham bashir (@myahtasham) July 30, 2026
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جھیل سیف الملوک روڈ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے پیش نظر بند کی گئی ہے اور حالات معمول پر آنے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی شدید بارش کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر نالے میں طغیانی آ گئی تھی، جس سے سڑک بند ہوگئی تھی۔ بعد ازاں کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مشینری نے سڑک بحال کر کے وہاں پھنسے سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا۔