ایران نے اردن میں امریکی 35-F طیاروں کی تباہی سے متعلق سیٹلائٹ تصاویر جاری کر دیں

ایران اور امریکا کے درمیان جاری معلوماتی اور میڈیا جنگ کے باعث دونوں جانب سے مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں

تہران: ایران کی اسلامی پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے سے متعلق سیٹلائٹ تصاویر جاری کرتے ہوئے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی جوابی حملوں کے دوران امریکی F-35 لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جاری کی گئی سیٹلائٹ تصاویر میں اردن کے موفق السلطي ایئربیس پر موجود وہ ہینگرز دکھائے گئے ہیں جہاں، ایرانی دعوے کے مطابق، امریکی F-35 لڑاکا طیارے موجود تھے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان تصاویر کا مقصد دنیا کے سامنے حقائق لانا ہے۔ بیان میں میڈیا پر بھی زور دیا گیا کہ وہ سینسر شپ ختم کرے اور درست معلومات دنیا تک پہنچائے۔

ایران اس سے قبل بھی دعویٰ کر چکا ہے کہ اردن میں کیے گئے میزائل حملے کے دوران تین امریکی F-35 لڑاکا طیارے تباہ کیے گئے تھے۔

تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی امریکی جنگی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا، جبکہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون یا تو راستے میں تباہ کر دیے گئے یا اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکے۔

تاحال ایران کی جانب سے جاری کی گئی سیٹلائٹ تصاویر کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے، جبکہ امریکی حکام بھی ان تصاویر کے بارے میں باضابطہ ردعمل جاری نہیں کر سکے ہیں۔

دفاعی مبصرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری معلوماتی اور میڈیا جنگ کے باعث دونوں جانب سے مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

Load Next Story