ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا اعلان
اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 13روپے فی کلو گرام کا اضافہ کر دیا، جس کے بعد ماہ اگست کیلیے قیمت 254 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مہنگائی کے ستائے عوام پر حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا بم گرادیا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 13 روپے فی کلو اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 241 روپے سے بڑھا کر 254 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 2849 روپے کے بجائے 3001 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 10961روپے سے بڑھا کر 11546 روپے پر پہنچ جائے گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست کی رات 12 بجے سے ہوگا۔ اس اضافے سے عام صارفین پر مہنگائی کا بوجھ بڑھے گا۔ خصوصاً ان صارفین کیلئے جوکہ مکمل طور پر ایل پی جی پر انحصار کرتے ہیں۔
ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین جناب عرفان کھوکھر نے کہا کہ مہنگائی سے ستائی غریب عوام کو ریلیف فراہم اور صارفین کو سرکاری قیمت پر ایل پی جی فراہم کی جائے۔
چیئرمین عرفان کھوکھر نے حکومت پاکستان، وزارت پٹرولیم اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ایل پی جی کمپنیوں کو ہدایت جاری کریں کہ اوگرا کے لائسنس یافتہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں میں ایل پی جی مساوی تقسیم کرے، جس سے بلیک مارکیٹنگ اور منافع خوروں کو روکا جائے گا اور غریب عوام کو سستی ایل پی جی فراہم کی جاسکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں قدرتی گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور ایل پی جی واحد سستا ایندھن ہے جو اس کمی کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ملکی ضرورت کا تقریباً 60 فیصد درآمدی ایل پی جی پر منحصر ہے، تاہم ملک میں وافر مقدار میں ایل پی جی دستیاب ہے اور قیمت میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی پر عائد ٹیکسوں میں کمی کی جائے اور ایل پی جی پالیسی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ غریب عوام کو سستی گیس فراہم کی جا سکے۔