آبنائے ہرمز بدستور کھلی ہوئی ہے، ایرانی دعوے جھوٹے ہیں، امریکی سینٹکام

آبنائے ہرمز سے کمرشل جہازوں کی آمد ورفت بدستور کھلی ہوئی ہے اور ایران کا کنٹرول نہیں ہے، امریکی فوج

فوٹو: رائٹرز

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز جہازوں کی آمد و رفت کے لیے کھلی ہوئی اور بندش کے حوالے سے ایران کی دعوے جھوٹے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے ایک دفعہ پھر آبنائے ہرمز بند کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور یہ جھوٹ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حقیقت یہ ہے کہ آبنائے ہرمز کمرشل جہازوں کی آمد ورفت کے لیے بدستور کھلی ہوئی ہے اور اس پر ایران کا کنٹرول نہیں ہے۔

امریکی فوج نے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ سے بین الاقوامی گزرگاہ سے ہزاروں جہاز گزر چکے ہیں۔

اس سے قبل ایران کی پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی (پی جی ایس اے) نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے اس وقت جہازوں کے گزرنا ناممکن ہے کیونکہ امریکی فوج کی جانب سے خطے میں مسلسل جارحانہ اقدامات جاری ہیں اور یہاں سے گزرنے کے لیے اجازت کا جائزہ صرف اس وقت لیا جائے گا جب استحکام بحال ہوتا ہے۔

پی جی ایس اے نے کہا تھا کہ جب آبنائے ہرمز میں امن بحال ہوگا تو اس کے بعد درخواست کا جائزہ ترتیب سے ہی لیا جائے گا، جیسے ہی استحکام اور امن بحال ہوتا ہے بتدریج اجازت دی جائے گی۔

ایران کی جانب سے یہ اعلان امریکی بیسز پر جوابی حملوں کے دعووں کے بعد سامنے آیا تھا۔

Load Next Story