واٹس ایپ کا اینڈرائیڈ صارفین کیلئے نئے فیچر پر کام جاری
انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کی مدد سے چینلز سے ڈاؤن لوڈ ہونے والی میڈیا فائلوں کو زیادہ آسانی سے منظم اور حذف کیا جا سکے گا، تاکہ فون میں خالی جگہ بنائی جا سکے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق چینل اسٹوریج کلین اپ نامی یہ فیچر فی الحال بِیٹا ورژن استعمال کرنے والے اینڈرائیڈ صارفین کو مرحلہ وار فراہم کیا جا رہا ہے، اس لیے تمام بیٹا صارفین کو یہ سہولت فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگی۔
اس سے پہلے صارفین کو چینلز کی میڈیا فائلیں حذف کرنے کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر ہر فائل کو الگ الگ منتخب کرنا پڑتا تھا۔ نئے فیچر کے ذریعے میڈیا کو تصاویر، ویڈیوز، اسٹیکرز اور وائس نوٹس جیسی مختلف اقسام میں فلٹر کیا جا سکے گا جس سے غیر ضروری فائلیں حذف کرنا کہیں زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا۔
واٹس ایپ نے اس فیچر تک رسائی کے دو طریقے بھی متعارف کرائے ہیں۔ پہلا طریقہ چینل انفو اسکرین کے ذریعے ہے، جہاں صارف کسی ایک چینل کی محفوظ میڈیا فائلیں دیکھ کر منتخب مواد حذف کر سکتے ہیں۔
دوسرا طریقہ اپ ڈیٹس ٹیب میں دستیاب ہوگا، جہاں صارف ایک یا ایک سے زیادہ چینلز کو منتخب کرکے ’کلیئر میڈیا فائلز‘ کے آپشن کے ذریعے متعدد چینلز کی میڈیا فائلیں ایک ساتھ ڈیلیٹ کر سکیں گے۔
یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو متعدد فعال واٹس ایپ چینلز کو فالو کرتے ہیں اور جن کے فون میں میڈیا فائلوں کی وجہ سے اسٹوریج تیزی سے بھر جاتی ہے۔