پنجاب میں مون سون بارشوں کا سسٹم موجود، 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی
فوٹو: فائل
صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا سسٹم موجود ہے اور یہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے، تاہم بارشوں میں کمی کے پیش نظر درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے ۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
دریں اثنا لاہور میں ممکنہ بارش کے پیش نظر ایم ڈی واسا نے آپریشنل اسٹاف کو نکاسی آب کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 5 اگست تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہوا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ کالا باغ 3 لاکھ 20 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 74 ہزار ہے۔ وزیر آباد ناکہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 3500 کیوسک ہے۔ نارروال نالہ بسنتر اور نالہ بئین میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں ۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریاؤں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں دریاؤں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔