کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع، شہریوں کو احتیاط اختیار کرنے  کی ہدایت

ہلکی پھلکی بارش سے موسم خوشگوار اور درجہ حرارت کم ہوگیا

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی دوپہر ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی درست ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں کہیں ہلکی بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش شروع ہو چکی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کا درجہ حرارت بھی کم ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران بھی کراچی میں مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔

محکمہ قبل ازیں موسمیات نے پیش گوئی میں کہا تھا کہ کراچی میں دوپہر اور شام کے اوقات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے، جبکہ اتوار اور پیر کو بھی شہر میں مطلع ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ انہی موسمی نظاموں کے زیر اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان برقرار ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

Load Next Story