واٹس ایپ کا غیر ضروری پیغامات کیلئے نئے فیچر پر کام جاری
واٹس ایپ اپنے صارفین کے چیٹ لسٹ میں بڑھتے ہوئے غیر ضروری کاروباری پیغامات کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے تحت بڑی کمپنیوں کی جانب سے آنے والے پیغامات خودکار طور پر ایک الگ فولڈر میں منتقل ہو جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق نئے فیچر کے تحت بینکوں، ایئر لائنز اور دیگر بڑی کمپنیوں کی جانب سے بھیجے گئے آفرز، ڈسکاؤنٹ کوڈز اور ڈیلیوری اپ ڈیٹس ایک مخصوص وقت گزرنے کے بعد ‘آفر اینڈ اپ ڈیٹس‘ نامی فولڈر میں منتقل ہو جائیں گے، تاکہ مرکزی چیٹ لسٹ صاف اور منظم رہے۔
واٹس ایپ مختلف وقت کی مدت (زیادہ سے زیادہ 24 گھنٹے تک) آزما رہا ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ پیغامات کب منتقل کیے جائیں۔
صارفین اگر اس فیچر کو استعمال نہیں کرنا چاہتے تو وہ اسے ایپ کی سیٹنگز میں جا کر بند کر سکیں گے۔ تاہم، اس کے لیے اپنی مرضی کا وقت مقرر کرنے کا آپشن دستیاب نہیں ہوگا۔
ابتدائی مرحلے میں یہ فیچر صرف بڑی کاروباری کمپنیوں کے پیغامات پر لاگو ہوگا جبکہ چھوٹے کاروباروں اور ذاتی اکاؤنٹس کے پیغامات بدستور مرکزی چیٹ لسٹ میں ہی نظر آئیں گے۔ واٹس ایپ مستقبل میں اس سہولت کو چھوٹے کاروباروں تک بھی توسیع دینے پر غور کر رہا ہے۔