ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی پھیلاؤ کا معاملہ، 37 افسران و ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری
سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے تحت چلنے والے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے معاملے پر سیسی نے 37 افسران و ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔
سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو کے مطابق جامع انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، جس میں سابق اور موجودہ افسران سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ شامل ہے۔
نوٹس پانے والوں میں 10 اسٹاف نرسز، 7 نرس ایڈز، 5 لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز، 2 کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشنز، 2 آڈٹ افسران اور 2 سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سابق میڈیکل سپروائزر، میٹرن، ڈپٹی میڈیکل آفیسر، لیڈی میڈیکل آفیسر اور دیگر افسران و ملازمین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
حتمی شوکاز نوٹس میں متعلقہ افراد پر مبینہ سنگین غفلت، فرائض میں کوتاہی اور مؤثر نگرانی نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سیسی کمشنر کے مطابق تمام نوٹس یافتگان کو ذاتی شنوائی کا حق بھی دیا گیا ہے۔
نوٹس پانے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 روز کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔