دھاندلی کا رونا رونے والے چیختے رہیں گے،عوام (ن) لیگ کو کامیاب کرواتے رہیں گے، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے آزاد کشمیر انتخابات کے پرامن انعقاد کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کا پرامن انعقاد جاری ہے، لوگ مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہو کر "شیر" کو ووٹ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "رونا دھونا پارٹی" کا وجود کہیں نظر نہیں آ رہا، کشمیر میں آج پھر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بڑے مارجن سے کامیاب ہوں گے، الحمدللہ، لیگی امیدواروں کی کامیاب انتخابی مہم ہی ان کی جیت ہے، انتخابی مہم کے دوران عوام میں مسلم لیگ (ن) کی پذیرائی دیکھنے کو ملی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیری بھائی اپنے بہتر مستقبل کے لیے گھروں سے باہر نکلیں، کشمیری مائیں، بہنیں مریم نواز کی کارکردگی کو ووٹ دے رہی ہیں، کشمیر کے نوجوانوں کو بھی لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور الیکٹرک بائیکس ملیں گی، اچھی سڑکیں، الیکٹرک بسیں اور "اپنی چھت، اپنا گھر" جیسے منصوبے بھی کشمیریوں کا حق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا رونا رونے والے پھر چیختے چلاتے رہیں گے اور عوام مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرواتے رہیں گے۔