اسلام آباد میں اڑھائی سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب، اغوا کار گرفتار
پولیس تھانہ صادق آباد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اڑھائی سالہ مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کروا کر اغوا کار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق بچے کے دادا سرزمین خان نے اطلاع دی کہ ان کا اڑھائی سالہ پوتا عمیر گلی میں کھیل رہا تھا کہ نامعلوم شخص اسے اغوا کرکے لے گیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایس ایچ او محمد سجاد نے تفتیشی سب انسپکٹر محمد شہزاد کے ہمراہ بچے کی تلاش شروع کی۔
پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ایک شخص کو بچے کو اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد ملزم کا سراغ لگاتے ہوئے ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے علاقے میرا جعفر سے بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
پولیس نے ملزم فضل الرحمان کو بھی گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے اور راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں اپنی سالی کے گھر آیا ہوا تھا، جہاں واپسی کے دوران بچے کو دیکھ کر اسے اغوا کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، بعد ازاں بچے کو ایس ایچ او صادق آباد اور تفتیشی افسر کی موجودگی میں والدین کے حوالے کردیا گیا جس پر اہلخانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔