جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، 6 سالہ بچہ نالے میں ڈوب گیا

کئی مقامات پر گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا

راولپنڈی:

راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ کئی مقامات پر گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈھوک کھبہ کی مرکزی شاہراہ پانی میں ڈوب گئی، جبکہ ندیم کالونی، جاوید کالونی، فضل آباد، ڈھوک الٰہی بخش، آریہ محلہ، صادق آباد اور دیگر نشیبی علاقوں کی گلیوں میں ایک فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ صدر، مریڑ چوک، مری روڈ اور شہر کے مختلف انڈر پاسز میں بھی پانی بھرنا شروع ہوگیا۔

بارش کے دوران ایک ایمبولینس مریض کو لے جاتے ہوئے پانی میں پھنس گئی، جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی سے نکالا۔ ڈھوک کھبہ میں دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا، جس سے تاجروں کو نقصان اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گرجا روڈ پر 6 سالہ بچہ برساتی نالے میں ڈوب گیا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی اور شہر کے 15 برساتی نالوں میں ہلکی طغیانی دیکھی گئی۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 5.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 4.5 فٹ تک بلند ریکارڈ کی گئی۔

ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان کے مطابق واسا کی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور نکاسی آب کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ واٹر پمپ، ہیوی مشینری اور سکر مشینوں کے ذریعے پانی نکالا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب سے مزید تین سکر مشینیں حاصل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد واسا کے پاس سکر مشینوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نالہ لئی اور شہر کے 15 سیوریج نالوں کی صفائی کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا تھا۔

Load Next Story