کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
فوٹو: فائل
کراچی : شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جمالی پُل کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے بائیک پر سوار اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سائٹ اے تھانے میں تعینات پولیس اہلکار زمان موقع پر شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکار اپنے ساتھی کے ساتھ جمالی پُل پر تعینات تھا، جن پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکار پر حملہ کرنے والے ملزمان کو کسی صورت قانون کی گرفت سے بچنے نہ دیا جائے اور ان کی فوری گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس نیٹ ورک اور تفتیشی ذرائع کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے علاقے میں فوری طور پر پیٹرولنگ، پکٹنگ اور اسنیپ چیکنگ مزید مؤثر سخت کرنے جبکہ مشتبہ افراد اور مشکوک گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے فوری رپورٹ طلب۔ کرلی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قاتلوں کی گرفتاری کیلیے تمام دستیاب وسائل برائے کار لائے جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معلومات اور تفتیشی ذرائع سے بھرپور مدد لی جائے۔ واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت فرار ہونے کا موقع نہ دیا جائے، ملزمان کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ضیا الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ علاقے میں پولیس گشت، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ مزید مؤثر بنائی جائے، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔